by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکا کا ایران سے معاہدے کا دعویٰ، تہران نے فوری تردید کر دی

ایران نے دستخط کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

0

واشنگٹن/تہران: (ویب ڈیسک) 14 جون

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک اہم معاہدے پر اتوار کے روز دستخط کیے جائیں گے، تاہم ایران نے اس دعوے کی فوری تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال کسی بھی معاہدے پر دستخط نہیں ہو رہے۔

سوشل ٹروتھ پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجوزہ معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں صورتحال معمول پر آنے کے بعد مناسب وقت پر جوہری مواد کی باقیات بھی حاصل کر لی جائیں گی۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ کے ایران کے ساتھ تعلقات ماضی کی امریکی حکومتوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے تحت ایران کو کسی قسم کی مالی ادائیگی نہیں کی جائے گی اور ایران اب جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہش مند نہیں رہا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان اتوار کو کسی مفاہمتی یادداشت یا معاہدے پر دستخط نہیں ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر جوہری معاملے پر کسی قسم کی بات چیت بھی زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنے والے "اسلام آباد میمورنڈم” پر عمل جاری ہے، تاہم دستخط کے لیے ابھی مناسب وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں کسی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم دوسرے فریق کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اس حوالے سے حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔

اس طرح امریکا ممکنہ معاہدے اور اس کی جلد تکمیل کا دعویٰ کر رہا ہے، جبکہ ایران فی الحال کسی بھی فوری پیش رفت یا اتوار کو معاہدے پر دستخط کی خبروں کی تردید کر رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.