پاکستان کو نوبیل پیس پرائز ملنے کے سوال پر رانا ثناء کا جواب
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے پاکستان کو نوبیل پیس پرائز ملنے کے سوال کا جواب دیدیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا لیا ہے۔
صحافی نے استفسار کیا کہ ثالثی کے بعد کیا نوبیل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے؟رانا ثناء اللّٰہ نے جواب دیا کہ نوبیل پیس پرائز کمیٹی ہی طے کرے گی کہ کسے ملنا چاہیے۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ جو کام وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا ہے وہ نوبیل پیس پرائز سے اوپر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ایران امریکا معاہدے سے خطے میں امن کے قیام کی امید ہے، ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی تباہی سے دنیا کو بچانے کےلیے امن کی کوششیں اہم ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے امن کی راہ ہموار ہوئی۔
سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ جنگی صورتحال کے خاتمے سے خطے میں استحکام آئے گا، عالمی معیشت کو فائدہ ہوگا، ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے خطے میں توانائی کے منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے توانائی بحران میں کمی کی امید ہے، توانائی کی فراہمی بہتر ہونے سے گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر الیکشن کےلیے بھرپور طریقے سے مدد کرے گی، وہاں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جتنے بھی مسائل ہیں، وہ منتخب ہونے والی قیادت ہی حل کرے گی، الیکشن کےلیے جو لوگ رکاوٹ بن رہے ہیں ان کو کسی پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن کے بعد آزاد کشمیر کی منتخب قیادت جو فیصلہ کرے گی پاکستان ان کے ساتھ چلے گا، جو بھی مسائل ہوں ان کا مذاکرات سے ہی حل نکلتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب سیاستدان ٹیبل پر بیٹھتے ہیں تو بڑے سے بڑے مسائل کا حل نکل آتا ہے، وزیراعظم نے چوتھی مرتبہ براہ راست اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ اپوزیشن سے کل میری بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا وہ اس پر مثبت جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں، وزیراعظم نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ کابینہ میں نہ اضافے کی بات ہوئی ہے نہ تبدیلی اور نہ ہی کمی کی، وزیراعظم کا اختیار ہے وہ جب چاہیں تبدیلی کرسکتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.