امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، یہ ظلم اور ناانصافی ہے، بجلی کے بلوں میں درجن بھر ٹیکسز شامل ہیں، انھیں ختم کیا جائے، صارفین سے وہ وصول کیا جائے جو وہ خرچ کرتے ہیں۔ نگران حکومت سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پر عمل پیرا نہ ہو، سابقہ حکمرانوں کے عالمی مالیاتی اداروں سے معاہدوں کے نتیجے میں عوام کا جینا حرام ہو گیا، جنت نظیر پاکستان کو جہنم بنا دیا گیا، 24کروڑ پاکستانی امریکا یا آئی ایم کے غلام نہیں، ہمیں یہ زنجیریں توڑنا ہوں گی، عوام مہنگائی اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، پُرامن جمہوری جدوجہد سے لٹیروں کا راستہ روکنا ہو گا۔ یکم ستمبر کو بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لیاقت باغ راولپنڈی میں نوجوانوں کا اکٹھ ہو گا۔ بھارت چاندپر پہنچ گیا، ہمارے ہاں اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان جاری ہے، بچیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اقتدار میں رہ کر اپنے لیے مال کمایا، بیرون ملک جائدادیں بنائیں اور ملک اور قوم کو بھکاری بنا دیا۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کا ہے۔ نیب، عدالتیں اور احتساب کے دیگر ادارے کرپٹ حکمران ٹولے کا احتساب کرنے میں ناکام ہو گئے، اب قوم ووٹ کی طاقت سے ہی ان کا محاسبہ کر سکتی ہے۔ عوام کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سب سے پہلا وار سودی معیشت پر کرے گی، ہم ملک کو اسلامی نظام معیشت دیں گے، قانون اور انصاف کا بول بالا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چیچہ وطنی میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع ساہیوال طیب محمود بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جلسہ میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
امیر جماعت نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتیں موجودہ مہنگائی، معاشی بدحالی اور بے روزگاری کی ذمہ دار ہیں، حکمرانوں نے اپنی مراعات اور پروٹوکول میں کمی کی بجائے، قرضوں کی واپسی کے لیے عوام پر ٹیکسز عائد کیے، مہنگائی کر کے غریبوں کا خون نچوڑا، عوام میں اب مزید قربانیاں دینے کی سکت نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی مزدور ماہانہ 15ہزار کماتا ہے تو اس کا بل 20ہزار آجاتا ہے، اب اس کے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو چوری کرے یا خودکشی۔ عوام کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا ناممکن ہو گیا، ہر گھر پر بجلی کے بل قیامت بن کر گر رہے ہیں۔ پٹرول کی قیمت آسمانوں سے باتیں کر رہی، ادویات اور اشیائے ضروریہ غریبوں کی پہنچ سے دور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں میگاواٹ ہائیڈل بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، لیکن حکومتوں نے مہنگا فرنس آئل، کوئلہ درآمد کیا اور مہنگی بجلی پیدا کی جس سے معیشت تباہ ہوئی، عام آدمی پس کر رہ گیا، حکمران طبقہ خود مفت بجلی اور پٹرول کی سہولیات استعمال کرتا ہے جس سے قومی خزانے پر سالانہ اربوں روپے کا بوجھ پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک پر مسلط رہنے والی حکمران جماعتوں سے بہتری کی توقع نہیں، یہ لوگ سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو عوام کی حالت نہیں بدلے گی، مسائل کے حل کے لیے ملک کو ایمان دار اور اہل قیادت درکار ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس ویژن اور ایماندار ٹیم ہے، ہم نے عوامی خدمت کی مثالیں قائم کی ہیں۔ جماعت اسلامی ہی ملک کو حقیقی معنوں میں خوشحال، اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔
جاری کردہ
مرکزی شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی
Trending
- کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی پر پُرتشدد احتجاج کرنے والے 10 مظاہرین گرفتار
- پمز سانحہ،چین کا اسلام آباد کیلئے 21 جدید فائر اینڈ ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ
- میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کا اہم معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے نقد انعام کا اعلان
- ٹرمپ نے رائفل تھامے اپنی تصویر دوبارہ وائرل کردی؛ کس کو کھلی دھمکی دی؟
- پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان
- کراچی میں مبینہ نومولود لاپتا ہونے کا معاملہ ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا
- گلیشیئرز پگھلنے سے شمالی علاقوں کو شدید خطرات، نیپال سے زیادہ گھمبیر صورتحال پاکستان کی ہے، ماہرین نے خبردار کر دیا
- سندھ اسمبلی نے نئے صوبوں سے متعلق بحث کیلئے تحریک التوا ءمنظور کر لی
- روسی فوج کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
- میر رضا کیس: کسی سے خوفزدہ ہوئے بغیر کمیشن چلائیں گے، وزیر اعلیٰ بھی ملنے آئے تو نہیں ملیں گے، جسٹس عمر سیال
راؤ عمران سلیمان پاکستان کے مایہ ناز صحافی ہیں جو اعلیٰ صحافتی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔