پیپلز پارٹی نے ہاریوں کو زمینوں کا مالک بنایا، جماعت اسلامی کی عوام کے لیے کیا خدمات ہیں؟: ذوالفقار علی شاہ
جماعت اسلامی کا عوامی کارنامہ کیا ہے
کراچی، 22 جون: صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پر کسی کا قبضہ نہیں، بلکہ شہر کے عوام نے جماعت اسلامی کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ جس جماعت نے کبھی بلدیاتی انتخابات میں عوامی اعتماد حاصل نہیں کیا، وہ پیپلز پارٹی کو جمہوریت کا درس نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی روایت کا حصہ ہے، جبکہ آمریت کی نرسری میں پروان چڑھنے والے ہمیں طعنے دینے کے بجائے اپنی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ترقی پر تنقید کرنے سے پہلے جماعت اسلامی کراچی میں اپنے بلدیاتی دور کی کارکردگی کا حساب دے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہاریوں کو زمینوں کا مالک بنایا، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محنت کش طبقے کے لیے بے نظیر مزدور کارڈ متعارف کرایا۔ انہوں نے سوال کیا کہ جماعت اسلامی نے عوام، خصوصاً محنت کش طبقے کی فلاح کے لیے کون سے عملی اقدامات کیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن فوٹو سیشنز اور پریس کانفرنسوں سے آگے بڑھ کر عملی خدمت کی سیاست کریں۔ بچوں کے مستقبل اور عوامی مسائل پر محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ جماعت اسلامی کا پرانا وطیرہ بن چکی ہے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اصلاحات پر تنقید کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ سندھ کے سرکاری اسکولوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کریں تاکہ انہیں زمینی حقائق کا ادراک ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کو سندھ کے عوام کی فکر کرنے کے بجائے اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست بچانے کی فکر ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور عوامی فلاح کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی سندھ کے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔