by Rao Imran Suleman
Rao Nama

راس لفان گیس پلانٹ میں دھماکا، 13 افراد ہلاک، متعدد زخمی

دوحہ: قطر کے اہم صنعتی مرکز راس لفان انڈسٹریل سٹی میں واقع ایک بڑے گیس پروسیسنگ پلانٹ میں دھماکے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے کم از کم 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 66 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

قطری توانائی حکام کے مطابق واقعہ بارزان گیس سپلائی مرکز میں پیش آیا، جہاں پلانٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا عمل جاری تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد آگ نے تیزی سے پلانٹ کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہنگامی امدادی ٹیموں اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

رپورٹس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے شہری بھی موجود ہیں۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں کسی کی حالت تشویشناک نہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین پاکستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متاثرہ پاکستانیوں کے بارے میں مکمل اور مصدقہ معلومات حاصل کرنے کے لیے قطری حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔

قطر انرجی نے واضح کیا ہے کہ حادثے کے باوجود ملک کی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی برآمدات، گیس پروسیسنگ کی سرگرمیاں اور راس لفان بندرگاہ کے آپریشن معمول کے مطابق جاری ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

راس لفان انڈسٹریل سٹی عالمی سطح پر توانائی کے اہم مراکز میں شمار ہوتا ہے اور قطر کی گیس صنعت کا بڑا حصہ اسی علاقے میں قائم ہے۔ حالیہ حادثے کے بعد عالمی توانائی منڈیوں میں بھی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

PNP

Comments are closed.