by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی شرجیل میمن

کراچی(پی این پی)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ایس پی ایچ ایف کے تحت 24 اضلاع میں 10 لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو مستقل اور محفوظ رہائش فراہم کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سیلاب متاثرین کی بحالی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے مستقل مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ خیرپور میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 67 ہزار 379 مکانات مکمل کر لیے گئے۔ سیلاب متاثرہ خواتین کو نئے تعمیر ہونے والے گھروں کےمالکانہ حقوق دیئے جا رہے ہیں۔ خواتین کو گھروں کی ملکیت کے حقوق دینے کا اقدام ان کے تحفظ اور خودمختاری کے لیے اہم ہے۔ 

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مکانات کی تعمیر سے مقامی مزدوروں، مستریوں اور ہنرمند افراد کو روزگار ملا۔ ہاؤسنگ منصوبے سے دیہی علاقوں کی معیشت کو بھی تقویت مل رہی ہے۔ کسی بھی مستحق سیلاب متاثرہ خاندان کو گھر سے محروم نہیں رہنے دیں گے۔ مستحق افراد کی نشاندہی اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کے لیے جدید نظام کے تحت نگرانی جاری ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک سندھ حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی۔



PNP

Comments are closed.