پی ٹی آئی کے دوست کراچی آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، ایک بات یاد رکھیں پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی: مرتضٰی وہاب
کراچی (پی این پی) میئرکراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوست کراچی آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، ایک بات یاد رکھیں کہ پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق گزری میں کمیونٹی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مرتضٰی وہاب نےکہا کہ انہیں پی ٹی آئی کے لوگوں سے کوئی اختلاف نہیں، جب کوئی جلسہ یا مجمع ہوتا ہے تو انتظامیہ اس کے لیے کام کرتی ہے، پیپلزپارٹی کا جلسہ بھی ہو تو کنٹینرز لگائے جاتے ہیں۔
مرتضٰی وہاب نےکہا کہ کمیونٹی سینٹرز کا شمار بھی بنیادی سہولتوں میں ہوتا ہے، بڑے لوگ اور صاحب حیثیت افراد بڑے بڑے لان میں اپنے پروگرام کرلیتے ہیں، عام آدمی کے لیے کوئی راستہ نہیں ہوتا، جس پر ہم اب بڑے پیمانے پرکام کر رہے ہیں، ہم شہریوں کے لیے مزید کمیونٹی سینٹرز بنائیں گے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا اس وقت پاکستان کا واحد بڑا شہرکراچی ہے جہاں بلدیاتی حکومت فعال ہے، ماضی میں جنہوں نے شہر کا بیڑا غرق کیا، انہیں بھی آج الگ انتظامی یونٹ چاہیے۔
PNP
Comments are closed.