by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی سے 9 ماہ کے دوران 85 ہزار افراد روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ، 560 ڈاکٹرز، 526 اکاؤنٹنٹس، 298 کمپیوٹر پروگرامرز اور 96 نرسز شامل

کراچی (پی این پی) رواں سال جنوری سے 30 ستمبر تک کراچی سے 85 ہزار افراد روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں ڈاکٹرز، انجینئرز، آئی ٹی ماہرین، پائلٹس اور اکاؤنٹنٹس سمیت 63 مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

سما ٹی وی کےمطابق دستیاب اعدادوشمار میں بتایا گیا ہےکہ بیرون ملک جانے والوں میں 560 ڈاکٹرز، 526 اکاؤنٹنٹس، 298 کمپیوٹر پروگرامرز، 233 مالیاتی تجزیہ کار، 96 نرسز اور 43 فارماسسٹ شامل ہیں۔ اسی طرح 6 پائلٹس، 145 سسٹم اینالسٹس اور 260 اساتذہ بھی بیرون ملک روانہ ہوئے، جبکہ ایئرکرافٹ ٹیکنیشنز، بجٹ کنٹرولرز، ڈیزائنرز، منیجرز اور ایکسرے ٹیکنیشنز کی بھی قابل ذکر تعداد بیرون ملک گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق بطور مزدور یا معاون عملہ بیرون ملک جانے والے 32 ہزار 626 افراد سرفہرست رہے۔ دوسرے نمبر پر 20 ہزار 556 ڈرائیورز جبکہ تیسرے نمبر پر 20 ہزار 332 جنرل ورکرز بیرون ملک روانہ ہوئے۔ کراچی سے بیرون ملک جانے والوں کی تعداد جنوری، فروری، جولائی اور ستمبر میں نسبتاً زیادہ رہی۔مجموعی طور پر رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 63 مختلف پیشوں اور شعبوں سے وابستہ 85 ہزار افراد کراچی سے بیرون ملک روانہ ہوئے۔



PNP

Comments are closed.