by Rao Imran Suleman
Rao Nama

زلزلے میں ماں نے بیٹی کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی

وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے دوران ایک ماں کی بے مثال قربانی کی دل سوز داستان سامنے آئی ہے۔ مقامی فٹبالر ہیکٹر بیلو کی اہلیہ اینڈریا بیلو نے اپنی ایک سالہ بیٹی الانا کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

رپورٹس کے مطابق 24 جون کو آنے والے شدید زلزلوں کے دوران اینڈریا اپنی بیٹی کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ اسی دوران ان کی رہائشی عمارت منہدم ہو گئی۔ ملبے تلے دبنے کے باوجود انہوں نے اپنی بیٹی کو اپنے جسم سے ڈھانپے رکھا، جس کے باعث بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی جبکہ اینڈریا جان کی بازی ہار گئیں۔

فٹبالر ہیکٹر بیلو نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے لکھا کہ اینڈریا ہمیشہ ان کی زندگی کی ہیرو رہیں گی اور وہ اپنی بیٹی کو ضرور بتائیں گے کہ اس کی ماں نے آخری لمحے تک اس کی حفاظت کی اور اس سے بے پناہ محبت کی۔

انہوں نے اپنی بیٹی کے نام پیغام میں کہا کہ وہی ان کی زندگی کا سہارا ہے اور انہیں امید ہے کہ وقت کے ساتھ وہ اس ناقابلِ بیان دکھ سے نکلنے کی طاقت حاصل کریں گے۔

وینزویلا میں آنے والے زلزلوں نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش بھی مسلسل کی جا رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف فٹبال برادری بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو بھی غمزدہ کر دیا ہے۔

PNP

Comments are closed.