بغداد کے گرین زون میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بدعنوانی کے مقدمات میں اہم شخصیات کے خلاف آپریشن
بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے انتہائی محفوظ گرین زون میں اتوار کی صبح سیکیورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر آپریشن کیا، جس کے دوران مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق کارروائی مالی بدعنوانی کے مقدمات کے سلسلے میں عدالتی احکامات پر کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آپریشن میں عراقی فوج اور انسدادِ دہشت گردی فورس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے گرین زون کے مختلف رہائشی اور سرکاری مقامات پر تلاشی لی، جبکہ بعض غیر مصدقہ رپورٹس میں چند سیاسی شخصیات کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
گرین زون بغداد کا انتہائی حساس علاقہ ہے، جہاں اہم سرکاری دفاتر، سفارتی مشنز، بین الاقوامی اداروں کے مراکز اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کی رہائش گاہیں موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں بھاری فوجی گاڑیاں، ٹینک اور بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار گرین زون میں تعینات دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم ان ویڈیوز کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
حکام نے تاحال گرفتار ہونے والے افراد کے نام یا تعداد کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، جبکہ سرکاری سطح پر کارروائی کی مزید تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بدعنوانی کے خلاف جاری حکومتی مہم کا حصہ ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حکومتی تصدیق کا انتظار ہے۔
PNP
Comments are closed.