جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ پر ایکشن، ایاز میمن موتی والا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ پہنچ گئے
ایاز میمن موتی والا نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا
یکم جولائی / 2026 | کراچی
کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے اپنے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی جھوٹی اور گمراہ کن مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض شرپسند عناصر جعلی اکاؤنٹس اور من گھڑت پروپیگنڈے کے ذریعے میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار سال پرانے مقدمے کی خبر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر دوبارہ پھیلایا جا رہا ہے، حالانکہ اس مقدمے میں مجھے باعزت بری کیا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود جھوٹا تاثر دینے کی کوشش بدنیتی پر مبنی عمل ہے۔
ایاز میمن موتی والا نے واضح کیا کہ وہ آزادانہ طور پر پورے پاکستان میں اپنی سماجی، کاروباری اور عوامی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کے خلاف گرفتاری یا کسی نئی کارروائی سے متعلق گردش کرنے والی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی فرد یا پلیٹ فارم جان بوجھ کر جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلائے گا یا اس مہم کو فروغ دے گا، اس کے خلاف پیکا ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے رجوع کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قانونی ٹیم نے تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور جھوٹی خبریں پھیلانے، جعلی اکاؤنٹس بنانے اور کردار کشی کی مہم چلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
آخر میں ایاز میمن موتی والا نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں، کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں، کیونکہ جھوٹی معلومات پھیلانا قانونی نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔