میئر کراچی کے سامنے شہر اور صنعتی علاقے کے مسائل اٹھانے کے بعد پانی چوری کی ایف آئی آر سیاسی انتقام ہے: صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری
کراچی (پی این پی) نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے اپنے خلاف پانی چوری کے مقدمے کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کے سامنے شہر اور صنعتی علاقے کے مسائل اٹھانے پر ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق اپنے بیان میں فیصل معیز خان نے الزام عائد کیا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں سرگرم سیاسی مافیا کو میئر کے سامنے مسائل اجاگر کرنے پر تکلیف پہنچی، جس کے بعد ان کے خلاف واٹر کارپوریشن کی جانب سے عام تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا۔
انہوں نے ایف آئی آر کو جعلی اور بوگس قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں شامل دفعات کے تحت کارروائی واٹر کارپوریشن کے تھانے میں ہونی چاہیے تھی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بعض عناصر نے مقدمہ واٹر بورڈ کے تھانے میں درج کرانے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کیا، تاہم وہاں ان کی غیر قانونی درخواست قبول نہیں کی گئی۔
فیصل معیز خان نے کہا کہ صنعتی شعبہ ملکی خزانے میں بڑا حصہ ٹیکس کی صورت میں ادا کرتا ہے اور وہ صنعتوں کے مسائل کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان کے بقول مقدمات انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے سے نہیں روک سکتے۔
واضح رہے کہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں واٹر کارپوریشن کے ملازم کی مدعیت میں نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کے خلاف پانی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ایک کارروائی کے بعد دوبارہ فیصل معیز خان کی سرپرستی اور ایما پر واٹر کارپوریشن کی لائنوں میں غیر قانونی کنکشن قائم کیے گئے۔ اطلاع ملنے پر اینٹی تھیفٹ ٹیم موقع پر پہنچی تو پانچ ملزمان فرار ہوگئے۔
PNP
Comments are closed.