کراچی (پی این پی) اے وی سی سی / سی آئی اے پولیس نے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں پاک فوج کے حوالدار کو قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو کراچی کے ضلع کیماڑی سے گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق ایس ایس پی اے وی سی سی آصف رضا بلوچ کی ہدایت پر اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے خفیہ اطلاع پر ضلع کیماڑی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم ساجد حنیف ولد محمد حنیف کو گرفتار کیا۔
ترجمان اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے مطابق ملزم ہری پور کے تھانہ بیڑ میں درج مقدمہ الزام نمبر 229/23 بجرم دفعہ 302/34 پی پی سی میں مطلوب تھا ، ملزم پاک فوج کے حوالدار اظہر خان کو قتل کرکے ہری پور سے فرار ہوا اور کیماڑی آکر روپوشی اختیار کی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں بھی جیل جاچکا ہے، ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور کی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.