حیدرآباد میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 14 مشتبہ افراد حراست میں
ویریفکیشن مکمل ہونے تک 14 مشتبہ افراد ہولڈنگ سینٹر میں رہیں گے
حیدرآباد میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 14 مشتبہ افراد حراست میں
حیدرآباد: حکومت کی ہدایات پر غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں، خصوصاً افغان باشندوں، کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں حیدرآباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تمام زیرِ حراست افراد کو ابتدائی جانچ پڑتال اور شناختی عمل کے لیے ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی شناخت، شہریت اور سفری و قانونی دستاویزات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویریفکیشن کا عمل مکمل ہونے تک تمام افراد ہولڈنگ سینٹر میں رہیں گے، جبکہ جن افراد کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہیں ہوں گی یا جو متعلقہ قوانین پر پورا نہیں اتریں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کے مطابق حکومتی پالیسی کے تحت غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی، رجسٹریشن اور تصدیقی عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ویریفکیشن مکمل ہونے کے بعد متعلقہ قوانین کے مطابق آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔