ایم کیو ایم پاکستان کا پیپلز پارٹی کے خلاف فیصلہ کن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان
ایم کیو ایم کی نئی سیاسی حکمت عملی سامنے آگئی
کراچی (ویب ڈیسک): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے خلاف بھرپور عوامی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں مرکزی ذمہ داران، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ حکومت کی مبینہ بدانتظامی، کرپشن، نااہلی اور عوامی مسائل کے حل میں ناکامی کے خلاف مرحلہ وار اور بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف فیصلہ کن عوامی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے ہر جمہوری اور آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔