ایران پر بھروسہ نہیں کیا، جنگ بندی کے پہلے دن سے تیاریاں جاری تھیں: اسرائیلی ترجمان
ایران متکبرانہ انداز میں جنگی فیصلے کر رہا ہے
تل ابیب: اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ ہائی الرٹ پر ہے اور حکومت کی جانب سے احکامات ملتے ہی ایران کے خلاف امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی کارروائی میں شامل ہونے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کے پہلے ہی دن سے فوج نے اپنی تیاریاں جاری رکھی تھیں کیونکہ اسرائیل نے ایران کے وعدوں پر اعتماد نہیں کیا اور انہیں محض وقتی حکمتِ عملی قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق اسرائیلی قیادت کا خیال ہے کہ ایران جنگ سے متعلق فیصلوں میں کسی قسم کا محتاط جائزہ نہیں لے رہا بلکہ اس کا رویہ ایسا ہے جیسے وہ خود کو برتر پوزیشن میں سمجھتا ہو اور امریکا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہو۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیل کو پہلے ہی توقع تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے حوالے سے صبر کسی مرحلے پر ختم ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول اسرائیلی فوج اس وقت بھی امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے ساتھ قریبی رابطے اور مکمل ہم آہنگی میں ہے۔
تاہم ایران کی جانب سے اسرائیلی فوج کے ان بیانات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔