گڈاپ میں بڑی ڈکیتی، ڈاکو 175 تولہ سونا، 300 تولہ چاندی اور لاکھوں لوٹ کر فرار
کراچی (پی این پی) گڈاپ سٹی کے علاقے کرپلانی ولاز میں ڈکیتی کی ایک بڑی اور انوکھی واردات سامنے آئی ہے
جہاں 8 مسلح ملزمان ایک گھر سے 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا، چاندی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق، 4 موٹر سائیکلوں پر سوار 8 ملزمان رات ڈھائی بجے کے قریب ولاز میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے سب سے پہلے چوکیدار کو رسیوں سے اچھی طرح باندھا اور پھر گھر کے اندر داخل ہو گئے۔ ملزمان نے اہلخانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور تقریباً 3 گھنٹے تک اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے۔مسلح ملزمان گھر سے 175 تولہ سونا، 300 تولہ چاندی، لیپ ٹاپ، مہنگی گھڑیاں اور یہاں تک کہ بچوں کا سامان بھی ساتھ لے گئے۔ واردات کے دوران ملزمان نے ایک بند دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور نہ کھلنے پر آدھا دروازہ ہی توڑ ڈالا۔
واردات کے دوران ملزمان کی شاطرانہ چالیں بھی سامنے آئیں؛ انہوں نے گھر کے کسی بھی فرد کا موبائل فون نہیں چھینا تاکہ وہ فوری پولیس کو اطلاع نہ دے سکیں۔اس کے علاوہ، فنگر پرنٹس سے بچنے کے لیے ملزمان نے گھر کے جس حصے کو بھی ہاتھ لگایا، اسے کپڑے سے اچھی طرح صاف کرتے رہے۔ جاتے ہوئے ملزمان نے چوکیدار سے پوچھا کہ یہاں کوئی اور فیملی بھی رہتی ہے؟ جس پر چوکیدار نے بتایا کہ یہاں صرف یہی ایک فیملی رہتی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
PNP
Comments are closed.