آبنائے ہرمز ریڈ لائن ہے، خطے کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیں گے، ایران کی دھمکی
دبئی: ایران نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس کے لیے “سرخ لکیر” کی حیثیت رکھتی ہے اور کسی بھی بیرونی کارروائی کے خلاف آخری حد تک مزاحمت کی جائے گی۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمنیہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور اسے کسی بھی صورت کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو جواب میں خطے کے دیگر اہم انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا راستہ سفارتی معاہدوں اور طے شدہ مفاہمت پر عمل درآمد سے مشروط ہے، جبکہ فوجی دباؤ مسائل کا حل نہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق خطے میں جاری کارروائیوں کا مقصد بحری راستوں کی حفاظت اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔
ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے خطے میں موجود بعض امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جبکہ بحرین نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا۔ کویت نے بھی مشتبہ ڈرون خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے۔
حالیہ کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ عالمی برادری تمام فریقین پر تحمل اور سفارتی حل اختیار کرنے پر زور دے رہی ہے۔
PNP
Comments are closed.