by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن

کراچی (پی این پی) سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے بسوں کی نئی کھیپ نومبر 2026 تک پہنچ جائے گی۔

نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شنگھائی میں بسیں تیار کرنے والی کمپنیوں کے حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں کراچی کے لیے نئی بسوں کی فراہمی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ بس کمپنی کے سی ای او رابن شین نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی گئی۔

سینئر وزیر نے ہائیگر بس کمپنی کے نائب صدر لیو ژینگ سے بھی ملاقات کی اور کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کو فعال بنانے کے لیے بسوں کی فراہمی تیز کرنے پر زور دیا۔

کمپنی نے بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026 میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 ملاقاتوں میں گرین انرجی کے استعمال اور سندھ کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

 اس موقع پر سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، اسد ضامن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

 شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ نظام بہتر بنانے، بی آر ٹی لائنوں کو فعال کرنے اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا فروغ حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری کے لیے بین الاقوامی تعاون کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔



PNP

Comments are closed.