by Rao Imran Suleman
Rao Nama

فیفا کا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ’سیاسی بینر‘ آویزاں کرنے پر ارجنٹینا کیخلاف تحقیقات کا آغاز

—کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد فاکلینڈ (مالویناس) سے متعلق سیاسی بینر لہرانے پر فیفا نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔

ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی لیساندرو مارٹینیز اور جیووانی لو سیلسو نے میچ کے بعد جشن مناتے ہوئے ایک بینر اٹھایا تھا جس پر لکھا تھا ’مالویناس ارجنٹینا کا حصہ ہے‘۔

فیفا کے ضابطوں کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں میں سیاسی، نظریاتی یا متنازع پیغامات کی نمائش ممنوع ہے۔

فیفا کے ترجمان کے مطابق کمیٹی میچ رپورٹس اور تمام متعلقہ حالات کا جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد ممکنہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا، قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

برطانیہ نے اس اقدام کو فیفا قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ فاکلینڈ کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کے حقِ خودارادیت کے مطابق ہو گا۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا فاکلینڈ کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے جبکہ برطانیہ ان جزائر پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ارجنٹینا کے صدر خاویئر میلئی نے کھلاڑیوں کے اقدام کو عوامی جذبات کی عکاسی قرار دیا ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ فیفا کی جانب سے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ماضی میں بھی فیفا سیاسی نوعیت کے بینرز اور نعروں پر مختلف ٹیموں اور کھلاڑیوں کے خلاف جرمانے اور پابندیاں عائد کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا اب اتوار کو ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔



PNP

Comments are closed.