by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایڈمرل نوید اشرف کا برطانیہ کا سرکاری دورہ اختتام پذیر


ایڈمرل نوید اشرف کا برطانیہ کا سرکاری دورہ اختتام پذیر

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے برطانیہ کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔

دورے کے دوران پاکستان ہائی کمیشن لندن کے اشتراک سے برطانیہ کے اہم دفاعی، بحری اور تزویراتی اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط اور ملاقاتوں کا انعقاد کیا گیا۔

دورے کی ایک نمایاں اور تاریخی خصوصیت لندن میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز (IISS) سے ایڈمرل نوید اشرف کا خطاب تھا، جو عالمی سطح پر تزویراتی مطالعات کا ایک ممتاز ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف کا برطانیہ کا سرکاری دورہ اختتام پذیر

انہوں نے اپنے خطاب میں بحرِ ہند کی سلامتی کی صورتِ حال، علاقائی بحری استحکام اور ایک مؤثر علاقائی بحری سلامتی کے نظام کی ضرورت پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاک بحریہ کے کسی سربراہ نے اس ادارے سے خطاب کیا جو بین الاقوامی تزویراتی اور فکری حلقوں میں پاک بحریہ کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے دورے کے دوران رائل نیوی اور برطانوی وزارتِ دفاع کی اعلیٰ قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے نیٹو الائیڈ میری ٹائم کمانڈ کے کمانڈر سے ملاقات، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز (RCDS) کے کمانڈنٹ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ناٹیکل انسٹی ٹیوٹ کا دورہ بھی کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن اور جوائنٹ وار کمیٹی کے نمائندوں کے ساتھ بحری انشورنس، بحرِ ہند کے سکیورٹی اور علاقائی بحری سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

ایڈمرل نوید اشرف کا برطانیہ کا سرکاری دورہ اختتام پذیر

ایڈمرل نوید اشرف نے برطانیہ کے فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ میں منعقد ہونے والی رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) میں بھی شرکت کی جو یورپ کی سب سے بڑی عسکری فضائی نمائش تصور کی جاتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے دوست اور اتحادی ممالک کی عسکری قیادت اور برطانیہ کی دفاعی صنعت کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کا بھی دورہ کیا اور ہائی کمیشن کے افسران سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی، بحری اور تزویراتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے ہائی کمیشن کی گیسٹ بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

یہ دورہ بین الاقوامی بحری سلامتی کے مباحثہ میں پاک بحریہ کے مؤثر، فعال اور ذمہ دار کردار اور پاکستان و برطانیہ کے مابین دفاعی و تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔


PNP

Comments are closed.