ایران میں امریکی ڈالر کی خریداری پر نئی پابندیاں عائد
تہران: ایران میں معاشی دباؤ اور بین الاقوامی پابندیوں کے اثرات کے باعث امریکی ڈالر خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے نئے ضوابط متعارف کرا دیے گئے ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت ڈالر کی خریداری کی مجموعی اور یومیہ حد مقرر کی گئی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق بینکوں اور کرنسی ایکسچینج کمپنیوں کو جاری کردہ نئی ہدایات میں ایک فرد کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 ہزار امریکی ڈالر خریدنے کی حد مقرر کی گئی ہے، جبکہ یومیہ خریداری ایک ہزار ڈالر تک محدود ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق کم مالیت میں ڈالر خریدنے کے خواہشمند افراد اپنے بینک کارڈ اور قومی شناختی کارڈ کے ذریعے 100 سے ایک ہزار ڈالر تک کی رقم حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
حکام کی جانب سے مخصوص بینک برانچوں اور کرنسی ایکسچینج مراکز پر سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ڈالر کی فروخت بھی جاری ہے۔ غیر ملکی کرنسی خریدنے کے خواہشمند افراد مخصوص آن لائن نظام کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی کرنسی ریال کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے، جس سے ملکی معیشت پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 22 اکتوبر کو ایرانی اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 62 ہزار ایرانی ریال ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس رواں سال کے آغاز میں ڈالر کی قیمت تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار تومان بتائی گئی تھی۔
معاشی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی پابندیاں، غیر ملکی کرنسی کی طلب اور ملکی معاشی مسائل ایرانی کرنسی کی قدر پر دباؤ ڈالنے والے اہم عوامل میں شامل ہیں۔
PNP
Comments are closed.