اسحاق ڈار اور آئی اے ای اے سربراہ کا ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی امن کے لیے سفارتکاری جاری رکھنے پر زور
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعمیری روابط خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ترجمان کے مطابق رافیل گروسی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات اور رابطے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، تاکہ بات چیت کے ذریعے پُرامن اور پائیدار حل تک پہنچا جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ رافیل گروسی نے اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
PNP
Comments are closed.