by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ، غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج آنا شروع

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے۔ اب تک موصولہ 4 مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے دو دو نشستیں جیت لیں۔

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں کے ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ 

اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں جیت لیں اور مزید 4 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے بھی 2 نشستیں جیت لیں جبکہ اسے 5 پر برتری حاصل ہے۔ 

مکمل نتائج

ایل اے 2 میرپور 2:

قانون ساز اسمبلی ایل اے 2 میرپور 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیرسر کاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 3 میرپور 3:

ایل اے 3 میرپور 3 کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کا بھی غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم ليگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 4 میرپور 4:

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 4 میرپور 4 کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کامیاب ہوگئے جبکہ اس نشست پر پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے سکے۔

ایل اے 9 کوٹلی 2:

حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 کے تمام 178 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ووٹوں کی گنتی جاری

ایل اے 1 میرپور 1: 

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 کے 139 پولنگ اسٹیشنز میں سے 111 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے اظہر صادق 12976 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 7752 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ 

ایل اے 5 بھمبر 1:

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1 کے 176 پولنگ اسٹیشنز میں سے 115 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 21573 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 18406 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ 

ایل اے 6 بھمبر 2:

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2 کے 195 پولنگ اسٹیشنز میں سے 128 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 25902 لے کر آگے ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 14278 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ 

ایل اے 7 بھمبر 3:

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 کے 237 پولنگ اسٹیشنز میں سے 56 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 9841 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 5497 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 8 کوٹلی 1: 

حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1 کے 155 پولنگ اسٹیشنز میں سے 140 کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 18543 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11093 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ 

ایل اے 10 کوٹلی 3:

حلقہ ایل اے 10 کوٹلی 3 کے 169 پولنگ اسٹیشنز میں سے 36 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 6999 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن 3560 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 11 کوٹلی 4:

قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4 کے 206 پولنگ اسٹیشنز میں سے 103 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 16000 ووٹ لے پہلے نمبر پر ہیں جبکہ مسلم ليگ (ن) کے محمد آصف 13501 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 12 کوٹلی 5:

حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے 207 پولنگ اسٹیشنز میں سے 40 کا غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 2613 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم ليگ (ن) کے محمد ریاست خان 1255 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 13 کوٹلی 6:

حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 کے 193 پولنگ اسٹیشنز میں سے 132 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 18021 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 11686 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بھمبر: پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کا دعویٰ

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے دعویٰ کیا کہ ایل اے 5 برنالہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 119، 120 اور 121 پر ہنگامہ آرائی ہوئی، ہے جس کے باعث پولنگ متاثر ہوئی۔

ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی آمد کے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہوئی تاہم عمل سست روی کا شکار رہا۔

بے ضابطگیوں کا فوری نوٹس لیا جائے: راجہ پرویز اشرف

راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ سمیت حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے تمام شکایات کا فوری اور غیرجانبدارانہ نوٹس لینے اور آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے لانگ مارچ کی کال مسترد کر دی

آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ پُرامن انداز میں جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے کالعدم کمیٹی کے لانگ مارچ کی کال مسترد کرتے ہوئے انتشار کے بجائے حقِ رائے دہی کے استعمال کو ترجیح دی اور صبح 8 بجے سے ہی ووٹرز پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔

انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انتخابی عمل کو پُرامن بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی کارکنوں سمیت کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔

13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 1 ہزار 439 ہے، جن میں مرد ووٹرز 7 لاکھ 25 ہزار 118 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 ہے۔

میرپور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

ضلع میر پور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبھر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

عوام بلا خوف ووٹ ڈالنے کیلئے نکلیں: کمشنر میرپور

کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 کے وارڈ 16/17 کا دورہ کیا اور انتخابی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میر پور راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ تینوں اضلاع میں صبح 8 بجے سے پرامن پولنگ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکلیں، انتظامیہ کی جانب سے انہیں پُرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔

سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔

چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوش حال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کر کے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔



PNP

Comments are closed.