پیپلز پارٹی کے کارکن کی موت دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ہوئی، رانا ثناء
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے بلاول بھٹو زرداری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کو مکمل معلومات نہیں دی گئیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن کی موت دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ہوئی، اور لیگی امیدوار اس وقت موقع پر موجود نہیں تھا۔
رانا ثناء نے کہا کہ نکیال میں بہت پہلے سے فریقین میں کشیدگی تھی، ن لیگ کی ریلی پر فائرنگ میں بھی ایک لیگی کارکن شہید اور چار زخمی ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق اور کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں، معمولی واقعات ہوئے ہیں اس ایک واقعہ کے سوا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا، مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں پولنگ کے لیے انتظامات اچھے کیے گئے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے شرپسندوں کی کال مسترد کر دی، آج الیکشن ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی 18 مہینے کی کارکردگی کشمیر کے عوام کے سامنے رکھی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر دیکھیں تو سب کہہ رہے ہیں کہ پنجاب جیسی ترقی چاہتے ہیں، لاہور میں پانچ گھنٹے مسلسل بارش ہوئی، انڈر پاسز چند گھنٹوں میں کلیئر کر دیے، تمام انتظامیہ آپ کو گراؤنڈ پر نظر آئی۔
انہوں نے کہا کہ مون سون کےباعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال ہے ، مرکزی ڈیجیٹل کنٹرول روم بنا کر 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہو رہی ہے، پنجاب بیوٹیفکیشن پروگرام میں لٹکتی تاروں کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا۔
PNP
Comments are closed.