by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ملک بھرمیں بارشوں کا نیا طاقتور سپیل داخل ہونے کا امکان، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

لاہور(پی این پی)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج بروز جمعرات 29جولائی سے بارشوں کے ایک نئے طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہوائوں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔پیشگوئی کے مطابق کشمیر میں 5اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29جولائی سے 4اگست تک تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31جولائی سے 3 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 29جولائی سے 5اگست تک تیز ہوائوں، گرج چمک اور بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 6اگست تک درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں 31جولائی کی شام اور رات سے 3اگست تک بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 31جولائی کی شام سے 2 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں 30جولائی سے 4اگست تک اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں نواب شاہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 30جولائی سے 5اگست تک لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے پہاڑی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔شدید بارش، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے جبکہ مویشی پال افراد کو جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

PNP

Comments are closed.