by Rao Imran Suleman
Rao Nama

روپے کی قدر میں مسلسل بہتری انٹربینک میں ڈالر مزید 3 پیسے نیچے آ گیا

کراچی (پی این پی)  امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رہا اور بدھ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 0.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر امریکی ڈالر 3 پیسے سستا ہو کر 277 روپے 82 پیسے کا ہوگیا، جبکہ منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 277 روپے 85 پیسے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر تقریباً ایک ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں دوبارہ اضافے اور امریکی مرکزی بینک (فیڈرل ریزرو) کے شرح سود سے متعلق اہم فیصلے کے انتظار نے سرمایہ کاروں کو محتاط رکھا۔

آسٹریلوی ڈالر مہنگائی کے اعداد و شمار توقعات سے کم آنے کے بعد 0.37 فیصد کمی کے ساتھ 0.69475 امریکی ڈالر پر آ گیا، جس کے بعد آسٹریلیا کے مرکزی بینک کی جانب سے مزید شرح سود بڑھانے کے امکانات کم ہو گئے۔یورو گزشتہ روز ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد معمولی بہتری کے ساتھ 1.1389 امریکی ڈالر پر ٹریڈ ہوا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.03 فیصد کمی کے ساتھ 1.3287 امریکی ڈالر پر رہا، جو یکم جولائی کے بعد اس کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔اسی طرح نیوزی لینڈ ڈالر 0.08 فیصد کمی کے بعد 0.5783 امریکی ڈالر پر آگیا۔

ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 3.15 امریکی ڈالر یا 3.8 فیصد اضافے کے بعد 87.24 امریکی ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 2.73 امریکی ڈالر یا 3.4 فیصد بڑھ کر 81.99 امریکی ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔



PNP

Comments are closed.