کراچی ( پی این پی ) کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی سکول اور کالج دوبارہ کھل گئے اور تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق یکم اگست سے ہفتہ وار تعطیل بھی ختم ہوگئی ہے اور اب تمام تعلیمی ادارے ہفتے میں 6دن کھلے رہیں گے، آج سے نئے اوقاتِ کار پر بھی عملدرآمد شروع ہوگیا۔
’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق پہلے روز سرکاری و نجی سکولوں میں طلباء کی حاضری معمول سے کم رہی جبکہ بعض نجی سکولوں نے تدریسی عمل کا آغاز 3 اگست سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں دوبارہ رونقیں لوٹ آئیں، بچے سکول وین یا والدین کے ہمراہ سکول پہنچے جبکہ اساتذہ نے دلچسپ اور سائنسی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کا خیرمقدم کیا ۔
دوسری جانب سکول کھلنے کے باعث صبح کے اوقات میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول پر آ گئی۔
PNP
Comments are closed.