by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

کراچی(پی این پی) ملک بھر میں آج حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس برپا کی جائیں گی، امام حسینؓ اور ان کے رفقا کو شان دار خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس دوران ایم اے جناح روڈ گرو مندر سے ٹاور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے گارڈن کی جانب موڑا جائے گا، شارع فیصل سے آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے متبادل راستوں پر بھیجا جائے گا، جلوس کے راستے میں صرف خصوصی سٹیکر والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔

راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی ماتمی جلوس کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، رینجرز ایلیٹ فورس مختلف مقامات پر تعینات ہے، اور جلوس کے مقررہ راستوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا۔

سیف سٹی اور کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے جلوس کے روٹ کی نگرانی جاری ہے، جلوس کے روٹ کے مقررہ راستوں پر بڑی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس میں شرکت کرنے والوں کے لیے مختلف مقامات پر واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے۔



PNP

Comments are closed.