ہندوتوا یوٹیوبر بھارتی کاکروچ پارٹی کے رہنما کے گھر گھس گئے
نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے چیف ترجمان اور تحقیقاتی صحافی سوراو داس نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض ہندوتوا سے منسلک یوٹیوبرز اور میڈیا سے وابستہ افراد ان کی اجازت کے بغیر دہلی میں واقع رہائش گاہ میں داخل ہوئے، اندرونی حصوں کی ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر نشر کر دیا۔
سوراو داس نے اس واقعے کو اپنی اور اپنے خاندان کی پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی سیکیورٹی کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ چند یوٹیوبرز اور میڈیا چینلز نے ان کے گھر کے اندر کی ویڈیوز نشر کی ہیں، جس کے نتیجے میں اگر کسی قسم کا حملہ یا نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوگی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں دہلی پولیس کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے فوری کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں ایک اور پوسٹ میں سوراو داس نے دعویٰ کیا کہ صبح کے وقت 15 سے 20 افراد ان کے گھر کے باہر جمع ہوئے، جبکہ بعض لوگ رات سے ہی وہاں موجود تھے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیوز پھیلنے کے بعد صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور گھر میں موجود افراد کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔
سوراو داس نے بتایا کہ وہ اس وقت مہاراشٹر میں اپنی جماعت کی دو روزہ میٹنگ میں شریک ہیں، جبکہ ان کا خاندان دہلی میں موجود ہے۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر سوراو داس کی رہائش، طرزِ زندگی اور گھر کے کرایے سے متعلق مختلف دعوے اور بحث جاری ہے۔
تاہم اس معاملے پر جن یوٹیوبرز یا میڈیا اداروں پر الزامات عائد کیے گئے ہیں، ان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ دہلی پولیس نے بھی اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔
PNP
Comments are closed.