by Rao Imran Suleman
Rao Nama

او آئی سی کا تاریخی سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ— فائل فوٹو 

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیر مقدم کیا ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے معاہدے پر مضبوط تحسین اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہم تزویراتی قدم قرار دیا ہے۔

تنظیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ معاہدہ تینوں ممالک کے علاقائی اور عالمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، یہ معاہدہ خطے اور پوری مسلم دنیا میں سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔

حسین ابراہیم طہٰ نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعمیری شراکت داری کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

او آئی سی کے سربراہ نے معاہدے پر تینوں ممالک کی قیادت اور کوششوں کو خوب سراہا اور اسے تاریخی معاہدہ قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے اور وسیع تر عالمی برادری میں امن اور خوش حالی کے قیام میں معاون ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ جمعے کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں ہونے والی سہ فریقی سربراہی ملاقات کے دوران مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

تینوں ممالک نے اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

مشترکہ دفاعی معاہدے پر  پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے الصفا محل میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران دستخط کیے۔



PNP

Comments are closed.