by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ نے 13 سال بعد فیصلہ سنادیا

کراچی(پی این پی)سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کے خلاف مبینہ جعلی ڈگری پر نااہلی کی درخواست کا فیصلہ 13 سال بعد سنا دیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی اور اپنے فیصلے میں کہا کہ آئین کے تحت رکن پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کا اختیار ہائی کورٹ کو حاصل نہیں۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا شازیہ مری نے ہم نام طالبہ کی 2002 کی ڈگری اپنے لیے استعمال کی، جس پر عدالت نے کہا کہ اسی نوعیت کا اعتراض 2018 کے انتخابات میں الیکشن ٹربیونل کے سامنے بھی اٹھایا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے 2022 میں ڈگری سے متعلق اعتراض مسترد کر دیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر سپریم کورٹ میں دائر اپیل 2023 میں واپس لینے پر خارج کی گئی۔

شازیہ مری کے وکیل کا کہنا تھا ڈگری کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے شواہد کے ساتھ زیر بحث آچکا ہے، الیکشن کمیشن شازیہ مری کی ڈگری سے متعلق درخواست پہلے ہی مسترد کرچکا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ آئین کے تحت کسی شخص کو سچا اور امین قرار دینے کا اختیار عدالتی ٹربیونلز کے پاس نہیں، کسی شخص کو نااہل قرار دینے کے لیے محض آئینی درخواست کافی نہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں درخواست قابل سماعت نہیں۔



PNP

Comments are closed.