by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نئی دہلی : میٹرو میں خاتون کی تصاویر لینے پر مسافروں نے ایجنسی اہلکار کی پٹائی لگادی

بھارت: دارالحکومت نئی دہلی کی میٹرو میں ایک خاتون کی مبینہ طور پر تصاویر لینے کے الزام پر بھارتی سیکیورٹی ایجنسی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکار کی مسافروں نے پٹائی لگادی۔

بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ گزشتہ رات ایک خاتون نے الزام عائد کیا کہ سی آئی ایس ایف اہلکار نے میٹرو کوچ کے اندر اس کی تصاویر بنائی ہیں، خاتون نے اہلکار سے اس بارے میں سوال کیا، تاہم اہلکار نے تصاویر بنانے سے انکار کردیا۔

بعد ازاں بعض مسافروں نے اہلکار کے موبائل فون کی گیلری میں خاتون کی مبینہ تصاویر دیکھیں، جس کے بعد دیگر مسافر بھی احتجاج میں شامل ہوگئے۔

مسافروں نے اہلکار سے تصاویر ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا، صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب اہلکار نے مبینہ طور پر میٹرو کوچ سے نکلنے کی کوشش کی۔ اس دوران مسافروں نے اسے روک لیا، جس کے بعد کوچ کے اندر ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔

کئی مسافروں نے الزام عائد کیا کہ جھگڑے کے دوران سی آئی ایس ایف اہلکار نے اپنی سروس پستول نکال کر ان کی جانب تان دی اور اس کے بعد پلیٹ فارم پر اتر گیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار کو معطل کردیا گیا ہے اور واقعے کی محکمانہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

پولیس نے خاتون اور دیگر مسافروں کی جانب سے اہلکار پر بغیر اجازت تصاویر بنانے کے الزامات سے سی آئی ایس ایف حکام کو آگاہ کردیا۔

PNP

Comments are closed.