by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ

کرسٹیانو رونالڈو—فائل فوٹو

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آئندہ سال میرے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہو گا۔

41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے 2002ء میں اسپورٹنگ سے سینئر کیریئر کا آغاز کیا اور مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور موجودہ کلب النصر کے ساتھ متعدد اہم اعزازات اپنے نام کیے۔

5 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو اپنے کیریئر میں ورلڈ کپ کی ٹرافی حاصل نہیں کر سکے، رواں سال کے ورلڈ کپ میں بھی پرتگال کی ٹیم کامیابی حاصل نہ کر سکی، جس کے باعث ورلڈ کپ کا اعزاز اب بھی ان کے بڑے اعزازات کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکا۔

رونالڈو نے ایک فیشن میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ یہ ممکنہ طور پر فٹبال میں میرا آخری سال ہو گا اور میں ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتا ہوں۔

فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد کی مصروفیات سے متعلق رونالڈو کا کہنا ہے کہ میرے پاس خود کو مصروف رکھنے کے لیے بہت سی چیزیں ہیں، میں مزید سفر کرنے، پیڈل کھیلنے اور اپنی زندگی سے لطف اندوز ہونے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

رونالڈو نے کہا کہ فٹبال چھوڑنے کے بعد زندگی میں ایک بڑا خلاء پیدا ہو سکتا ہے، اس لیے وقت کو مختلف سرگرمیوں سے بھرنا ہو گا، گزشتہ 25 برس قربانیوں سے بھرپور رہے ہیں اور اب میں حاصل کی گئی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔

رونالڈو رواں سیزن سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی جانب سے کھیلنا جاری رکھیں گے اور ان کی نظریں کیریئر کے 1000 گول مکمل کرنے کے تاریخی اعزاز پر مرکوز ہیں۔

رونالڈو نے اپنے دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر میں کلب اور ملک کی جانب سے مجموعی طور پر 976 گول اسکور کیے اور وہ کیریئر کے 1000 گولز کے تاریخی سنگِ میل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔



PNP

Comments are closed.