by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کلفٹن میں بند گیراج سے گاڑی میں 2 افراد کی لاشیں برآمد

کراچی(پی این پی)کراچی کے علاقے کلفٹن میں بند گیراج میں کھڑی گاڑی سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق  پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں تقریباً دو روز پرانی معلوم ہوتی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ گاڑی میں کاربن مونو آکسائیڈ بھرنے سے دونوں افراد کی موت ہوئی۔

پولیس کے مطابق کلفٹن میں گاڑی گیراج کے اندر کھڑی تھی اور گیراج کا شٹر بند تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں لاشیں تحویل میں لیں اور ہسپتال منتقل کردیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق لاشیں بظاہر دو روز پرانی ہیں، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گی۔

 پولیس کے مطابق ایک متوفی کی شناخت اسد اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کیماڑی کے علاقے گلشن سکندرآباد کا رہائشی تھا۔ اسد اللہ مکینک تھا اور ایک اپارٹمنٹ میں فیملی کا ڈرائیور بھی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دوسری لاش کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ گاڑی تسنیم زہرا کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔



PNP

Comments are closed.