حکومت کا مقصد براہ راست فنڈنگ نہیں سرمایہ کاری آسان بنانا ہے، وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد براہ راست فنڈنگ نہیں سرمایہ کاری آسان بنانا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی پالیسی فریم ورک کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان میں نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی کا نظام مضبوط بنانے اور ملکی و غیر ملکی طویل مدتی سرمایہ کاری بڑھانے پر غور کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں نجی ایکویٹی کے ذریعے ترقیاتی سرمایہ بڑھانے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کاروباری توسیع اور پیداواری صلاحیت بڑھانے اور نجی شعبے کی قیادت میں پالیسی فریم ورک بنانے پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد براہ راست فنڈنگ نہیں، سرمایہ کاری آسان بنانا ہے، قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں کی واضح پائپ لائن بنائی جائے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل ٹیکس رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ نجی ایکویٹی فنڈز کے لیے موزوں ٹیکس نظام بنانے پر غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ضابطہ جاتی آسانیاں پیدا کرنے پر بھی غور کیا گیا اور نجی ایکویٹی پالیسی کےلیے 4 ورک اسٹریمز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکس، کاروباری حکمت عملی، قابل سرمایہ کاری منصوبوں اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے لیے الگ ورک اسٹریم قائم ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق نجی ایکویٹی پالیسی کی سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، طویل مدتی سرمایہ کاری بڑھانا پالیسی فریم ورک کا بنیادی مقصد ہے۔
PNP
Comments are closed.