by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی؛ سرکاری سکول میں چوکیدار کے بیٹے کی 8سالہ طالبہ کے ساتھ زیادتی کی کوشش

کراچی(پی این پی)سولجر بازار میں گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری سکول میں دوسری جماعت کی 8 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم سکول کے چوکیدار کا بیٹا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کی صبح سولجر بازار تھانے کے علاقے سولجر بازار نمبر2 میں واقع گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری سکول میں دوسری جماعت کی 8 سالہ طالبہ (ع) کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی، متاثرہ طالبہ سکول سے بھاگ کر گھر پہنچ گئی اور گھر والوں کو صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد متاثرہ طالبہ کے اہلخانہ سکول پہنچے اور سکول میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی۔

واقعے پر علاقہ مکینوں نے سکول کے چوکیدار ابراہیم اور اس کے بیٹے کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ مکینوں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد متاثرہ بچے کے اہلخانہ کی جانب سے سولجر بازار تھانے کے باہر احتجاج شروع کر دیا گیا۔

 اس دوران مشتعل مظاہرین کی جانب سے ٹائر جلا کر سڑک کو بھی ٹریفک کے لیے بند کرکے ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ 

ایس ایچ او سولجر بازار وقار عظیم کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہریار کے نام سے کی گئی، ملزم سکول کے چوکیدار کا بیٹا ہے اور چوکیدار کی سکول میں ہی رہائش ہے، واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا بعدازاں پولیس نے ملزم شہریار کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے بات چیت کے ذریعے مشتعل مظاہرین کو منتشر کر دیا۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہونے پر متاثرہ بچی کا میڈیکل بھی کروایا جائے گا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ بچی کے والد محمد ابراھیم کی مدعیت میں گرفتار ملزم کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔



PNP

Comments are closed.