by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سندھ کے شہری علاقوں کے عوام غلام نہیں: خالد مقبول صدیقی

کراچی(پی این پی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں، ان سے بات کرتے ہوئے احتیاط کی جائے۔

دنیا نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی صرف سندھ، کراچی یا مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پورے پاکستان میں آبادی اور انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبے بنانے کی بات کی ہے، اگر یہ مطالبہ پورے ملک کے لیے ہے تو پھر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ میں خون ریزی کی باتیں کیوں کی جارہی ہیں؟

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں نے جو بات پہلے کی تھی، آج پورا پاکستان وہی بات کر رہا ہے، ہم دلیل دیتے ہیں اور جواب میں بھی دلیل کے منتظر ہوتے ہیں، دھمکیوں کے نہیں، سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دینے سے پہلے سوچنا چاہئے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہورہی ہے تو پھر خون ریزی کی دھمکیاں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے لیے کیوں دی جارہی ہیں؟ انہوں نے امن و امان اور قانون نافذ کرنے کے ذمہ دار اداروں سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عدالتوں کو بھی اس معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہئے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ آزادی کا تحفہ لے کر پاکستان آئے تھے، ان شہروں کی معاشی سرگرمیوں سے پورا صوبہ مستفید ہوتا ہے، لیکن ان ہی علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، ان کا دعویٰ تھا کہ کراچی سندھ کے بجٹ کی آمدن میں 97 فیصد حصہ دیتا ہے، جبکہ بعض اعدادوشمار کے مطابق یہ حصہ 93 فیصد ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ باقی آمدن حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر سمیت دیگر شہروں سے کتنی حاصل ہوتی ہے؟ پاکستان میں جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان بہت فاصلہ ہے، ملک میں سیاسی قیادت اکثر سیاسی کارکنوں کے بجائے خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے، جس کے نتیجے میں عوامی نمائندگی محدود ہوکر رہ جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ غداری ہے اور نہ سازش، بلکہ یہ انتظامی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں نئے صوبے کے قیام کا مقدمہ تاریخی، معاشی اور انتظامی اعتبار سے مضبوط ہے۔
 



PNP

Comments are closed.