26 جولائی کو میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو قبضوں کی نشاندہی کی ویڈیو بھیج چکا ہوں، حاجی جمیل ضیاء
پولیس اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران کو معلوم ہے قبضہ کون کروا رہا تھا، حاجی جمیل ضیاء
کراچی (22 اگست 2026)
پیپلز پارٹی کے رہنما و ٹاؤن چیئرمین اورنگی ٹاؤن حاجی جمیل ضیاء نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وہ ہمیشہ سے لینڈ مافیا اور قبضہ گروپوں کے خلاف آواز بلند کرتے آئے ہیں۔ میں نے 26 جولائی 2026 کو میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو خود ایک ویڈیو بھیجی تھی، جس میں اورنگی نالے کے اطراف سرکاری زمین پر ہونے والے مبینہ قبضوں کی نشاندہی کی تھی اور فوری کارروائی کی درخواست کی تھی۔ میئر کراچی وہ ویڈیو دیکھیں، اس میں میں نے واضح طور پر بتایا تھا کہ نالے کے ساتھ سرکاری زمین اور گلیوں میں ایک لائن سے قبضے کرائے جارہے ہیں اور کے ایم سی کے بعض افسران و اہلکاروں کے مبینہ کردار کی تحقیقات ضروری ہیں۔

حاجی جمیل ضیاء نے کہا کہ اورنگی نمبر پانچ میں کشمیری بھائیوں کے ایل اے 34 اور ایل اے 40 کے انتخابات کے موقع پر وہ اپنے ڈسٹرکٹ صدر عابد ستی کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پر موجود تھے کہ انہیں فون پر اطلاع ملی کہ ایک مقام پر سرکاری زمین پر قبضہ کیا جارہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی وہ عابد ستی کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور اورنگی ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کو فون کرکے معاملے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موقع پر مبینہ قبضے کا کام جاری تھا، ہم نے وہاں کام رکوایا اور قبضے کے لیے کام کرنے والے مزدوروں کو پکڑ لیا، تاہم کچھ دیر بعد ایس ایچ او کی جانب سے فون آنے پر مزدوروں کو چھوڑ دیا گیا۔ اورنگی ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران کو معلوم ہے کہ اس جگہ پر قبضہ کون کروا رہا تھا، لہٰذا اصل ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 26 جولائی کو میئر کراچی کو بھیجی گئی ویڈیو میں انیق اور توقیر نامی افراد کے مبینہ کردار کی بھی نشاندہی کی تھی۔ اس معاملے کا ثبوت وہ ویڈیو، میرے موبائل فون اور میئر کراچی کو بھیجا گیا ریکارڈ ہے۔ اسی وقت اورنگی ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کو بھی موقع پر بلوایا گیا تھا اور قبضے کی جگہ کی نشاندہی کروائی گئی تھی۔
حاجی جمیل ضیاء نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں نالوں کے اطراف موجود زمین سرکاری ملکیت ہے، اس لیے متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے کہ نالوں اور دیگر سرکاری زمینوں سے تمام غیرقانونی قبضے ختم کرائیں۔ اگر کے ایم سی یا کسی دوسرے سرکاری ادارے کا کوئی افسر یا اہلکار قبضہ مافیا کی سہولت کاری میں ملوث ہے تو اس کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مطالبہ واضح ہے کہ اورنگی ٹاؤن کی سرکاری زمینوں پر جہاں کہیں بھی قبضہ ہوا ہے یا ہورہا ہے، فوری کارروائی کرکے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ سرکاری زمین عوام کی ملکیت ہے اور اس پر قبضہ کرنے یا کروانے والے کسی شخص کو رعایت نہیں ملنی چاہیے۔

حاجی جمیل ضیاء نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چور کون ہے، یہ بتایا جانا چاہیے، تو میں بھی یہی کہتا ہوں کہ اصل چور کو سامنے لایا جائے۔ تحقیقات کرکے بتایا جائے کہ قبضے کس نے کیے، کس نے کروائے اور کن لوگوں نے ان کی سہولت کاری کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں نے سرکاری زمین کے ایک گز پر بھی قبضہ کیا ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے اور میرے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ جب میں نے کوئی قبضہ نہیں کیا تو میرے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی بھی نہ کی جائے۔
حاجی جمیل ضیاء نے کہا کہ جو لوگ بغیر کسی ثبوت کے ان پر الزامات عائد کررہے ہیں، ان کے خلاف وہ جلد قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اورنگی ٹاؤن کی سرکاری زمینوں کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔