by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کوہِ پیما اسما مشتاق کی لاش تا حال نہ مل سکی، امدادی ٹیمیں ڈھونڈنے میں مصروف

اسما مشتاق – فائل فوٹو

پاکستانی نوجوان ٹریول وی لاگر اور کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک کی مہم جوئی کے دوران انتقال کرگئیں، امدادی ٹیمیں ان کی لاش تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امدادی ٹیم اس مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں پاکستانی کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کی لاش کے موجود ہونے کا امکان ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ علاقے کے وسیع ہونے اور گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والی شدید برف باری کے باعث لاش اب مکمل طور پر برف تلے دب چکی ہے، جس کی وجہ سے اسے تلاش کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ امدادی ٹیم کئی گھنٹوں سے ڈاکٹر اسما کو تلاش کر رہی ہے، لیکن لاش ابھی تک نہیں ملی ہے، آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق گلگت بلتستان کے شگر ضلع میں اسپانٹک پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی میں طبیعت خراب ہونے کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسما مشتاق کو مہم جوئی، پہاڑوں اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں پہچانا جاتا تھا۔

اسما حال ہی میں پاکستان کے قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے لیے مہم کا حصہ بنی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق اسما نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے اسپانٹک کی چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بہتر تھی۔

تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس) کا سامنا کرنا پڑا، گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔



PNP

Comments are closed.