by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آبنائے ہرمز اور خلیج میں 400 بحری جہاز اب بھی پھنسے ہوئے ہیں:اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز اور خلیج کے وسیع علاقے میں تقریباً 400 بحری جہاز اب بھی رکے ہوئے ہیں، جن پر ہزاروں ملاح سوار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز نے بتایا کہ موجودہ صورتحال ابھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آئی۔ ان کے مطابق سمندری آمدورفت کی آزادی بحال کرنے کے لیے رکن ممالک اور عالمی شپنگ انڈسٹری کو مزید سیاسی کوششیں کرنا ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق ان بحری جہازوں پر تقریباً 6 ہزار ملاح موجود ہیں، جبکہ خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت معمول کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھلا قرار دینے کا مؤقف سامنے آیا ہے، تاہم ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ غیر مجاز جہازوں کے لیے گزرگاہ بدستور بند ہے۔

اس متضاد صورتحال کے باعث خلیجی خطے میں موجود تجارتی جہازوں کے لیے سفر سے متعلق غیر یقینی برقرار ہے اور متعدد جہاز اپنی نقل و حرکت محدود کیے ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق 400 جہازوں کی تعداد صرف آبنائے ہرمز کے اندر موجود بحری جہازوں کی نہیں بلکہ آبنائے ہرمز سمیت وسیع تر خلیجی علاقے میں رکے ہوئے جہازوں کی مجموعی تعداد ہے۔

PNP

Comments are closed.