by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نجی اسپتال میں بچے کی پیدائش ہوئی یا نہیں؟ کمیٹی کی جانب سے اہم پیش رفت

کراچی(پی این پی) ناظم آباد کے نجی ہسپتال سے زچگی کے دوران نومولود بچے کے غائب ہونے کے معاملے پر ہسپتال کی شعبہ امراضِ نسواں کی سربراہ ڈاکٹر انجم آرا حسن کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

ڈاکٹر انجم آرا حسن کے مطابق طبی رپورٹس اور معائنے سے ثابت ہوا ہے کہ خاتون مریضہ حاملہ نہیں تھیں، مریضہ پہلی مرتبہ فروری میں ان کے پاس آئی تھیں اور اس وقت خاتون نے بتایا تھا کہ وہ 3 ماہ سے حاملہ ہیں۔ڈاکٹر انجم کے مطابق فروری میں مریضہ کا الٹرا ساؤنڈ کروایا گیا تھا، جس میں خاتون کے حاملہ ہونے کی رپورٹ منفی آئی تھی، مریضہ کی ہسپتال میں رجسٹریشن بھی کی گئی، رجسٹریشن کے بعد وہ اکثر ایمرجنسی میں معائنے کیلئے آتی رہیں۔شعبہ امراضِ نسواں کی سربراہ نے کہا کہ مریضہ نے کبھی ان سے براہِ راست معائنہ نہیں کروایا، مریضہ کی فائل میں موجود بعض معائنے کے اندراج جعلی ہیں۔

ڈاکٹر انجم آرا حسن نے بتایا کہ مریضہ نے کسی دوسرے ہسپتال کی الٹرا ساؤنڈ رپورٹ پیش کی تھی، جس میں انہیں حاملہ ظاہر کیا گیا تھا، مریضہ ایمرجنسی میں انہی رپورٹس کے ساتھ آئیں، جس کے بعد ڈیوٹی ڈاکٹر نے ان کا معائنہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں معائنے کے دوران دل کی دھڑکن اور دیگر ضروری ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا گیا، تاہم آپریشن کے بعد معلوم ہوا کہ خاتون حاملہ نہیں تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون کی طبی و قانونی رپورٹ بھی موصول ہوچکی ہے، طبی معائنے اور لیبارٹری رپورٹس سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ خاتون حاملہ نہیں تھیں۔

PNP

Comments are closed.