by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پاکستان کرغزستان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں: وزیرِ اعظم


---اسکرین گریب
—اسکرین گریب

وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، تجارت کو 2 ارب ڈالرز تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

بشکیک میں کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ شاندار میزبانی پر صدر کرغزستان کا شکر گزار ہوں، جمہوریہ کرغز کے یوم آزادی پر کرغزستان کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ 

انہوں نے جمہوریہ کرغز کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارک باد دی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر جمہوریہ کرغز کی قیادت تحسین کی مستحق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دو طرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے، دو طرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئند ہے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی،ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے، پاکستان اور کرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے، دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اتفاق رائے طے پایا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش

اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

صدارتی محل پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو صدارتی محل آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔

دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، وزیرِ اعظم کو کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

کرغز صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف کرایا، وزیرِ اعظم نے بھی کرغز صدر سے پاکستانی وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔

وزیراعظم کا آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ

بشکیک میں وزیراعظم شہباز شریف نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ بھی کیا۔

وزیر اعظم کا استقبال کرغزستان کے فرسٹ نائب وزیراعظم دانیارامان گیلدیئیئف اور وزیر ثقافت میربیک مامبیتالیئیف نے کیا۔

---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

وزیراعظم نے آتابیئت میں معروف ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم نے یادگار پر پھول رکھے، وہاں مدفون افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آتا بیئت میموریل کمپلیکس ایک اہم قومی و تاریخی یادگاری مقام اور قبرستان ہے، بیئت کے معنی ’ہمارے آباؤ اجداد کی قبر‘ ہیں، اس مقام پر کرغزستان کی متعدد معروف شخصیات کی قبریں موجود ہیں۔


PNP

Comments are closed.