by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پی پی رہنماؤں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے اقتدار کا سورج ڈوب رہا ہے مصطفیٰ کمال

کراچی (پی این پی) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی پی رہنماؤں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ ان کے اقتدار کا سورج اب غروب ہو رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق یہ بات انہوں نے کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں متحدہ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے کا وقت آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام ستون سمجھ چکے ہیں کہ ملک کو موجودہ گلے سڑے نظام کے ساتھ اب نہیں بچایا جا سکتا، ماضی میں صوبائی حکومتوں کی ناانصافیوں کی وجہ سے نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے نوجوان ہتھیاراٹھاتے ہیں تو صوبائی حکومت ان کیخلاف غداری کے نام پر آپریشن کراتی ہے،

 مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم سو سال بھی ووٹ نہ دیں تو گٹر کا ڈھکنا نہ لگانے والے وزیراعلیٰ کو بھی تبدیل نہیں کر سکتے، وزیراعلیٰ نے پانی، ڈومیسائل، کوٹہ سسٹم اور سیوریج تک کا اختیار اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس اب ایم کیو ایم کی خواہش نہیں بلکہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ بن چکے ہیں، ان کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ ان کے اقتدار کا سورج اب غروب ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی والے اپنی نسلوں کو بچانے کے لیے بڑے احتجاجی مظاہرے کی تیاری کریں، نئے انتظامی یونٹس کےحصول کے لیے ایک دن پورے کراچی کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

 متحدہ رہنما نے کہا کہ سڑکوں پر نکل کر کراچی اب دنیا کو بتا دے گا کہ وہ اصل میں کیا چاہتا ہے، رواں سال بجٹ میں وفاق نے صوبوں کو 8 ہزار 884 ارب روپے دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں سندھ کو 2 ہزار 263 ارب روپے ملے ہیں، گزشتہ 18 سال میں سندھ کو 22 ہزار ارب روپے ملے ہیں، ہم نے کراچی کو صرف 300 ارب روپے خرچ کرکے بنایا تھا۔

 مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میری نظامت میں ہونے والی ترقی کو کراچی والے آج بھی یاد کرتے ہیں، حقوق مانگنے پر آگ اس لیے لگی کیونکہ کسی اور کاروبار میں 22ہزار ارب نہیں مل سکتے، سندھ کے حکمران ہمارے حصے کا پانی بیچ کر لندن، امریکا اور دبئی میں جائیدادیں بنا رہے ہیں،

 انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرحدوں پر اپنے سے سات گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا چکا ہے، پاکستان اب دنیا کی سپر پاورز کے درمیان اہمیت کے ساتھ گفتگو کیا جانے والا ملک ہے، پاکستان دنیا میں اب تیسری جنگ عظیم رکوانے والا ملک بن گیا ہے۔



PNP

Comments are closed.