by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پیپلز پارٹی کا سندھ کے جغرافیے سے کوئی تعلق نہیں، صرف لوٹ مار کرتی ہے: حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو سندھ چاہیے، شریف خاندان کو پنجاب چاہیے۔ پیپلز پارٹی کا سندھ کے جغرافیے سے کوئی تعلق نہیں، صرف لوٹ مار کرتی ہے۔

پیٹرولیم لیوی کے خلاف فیصل چوک مال روڈ لاہور پر دھرنے کے 22ویں روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ میں بدترین وڈیرہ نظام ہے، لوگوں کو جینے کا حق بھی نہیں۔ سندھ میں جو وڈیرے کے سامنے بات کرے اسے مار دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کی بات کرو لیکن عوام کو آپس میں مت لڑواؤ۔ تم روزگار، نوکریاں نہیں دیتے، لوگ اس لیے آزاد ہونا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے شب خون مار کر میئر شپ پر قبضہ کر لیا۔ لوگوں کی رائے کو کچلا، جب کوئی حق کی بات کرے تو نسل پرستی شروع کر دیتے ہیں، کوئی سندھودیش کا نعرہ نہیں چلے گا، ہم کسی ایسے طبقے کو نہیں مانتے جو پاکستان کے نظریے کی نفی کرتا ہو۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ دھرنا عوام کی چیخ کو آواز میں بدلنے کا عمل ہے، آپ مخلوق کے لیے ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، مجھے یقین ہے آپ کی جدوجہد انجام تک پہنچے گی۔ یہ تمام عمل شعور کو پروان چڑھانے کا عمل ہے، ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، ہماری تحریک نظام بدلنے کی تحریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کنسورشیم بنا رکھا ہے جو جاگیرداروں اور وڈیروں پر مشتمل ہے۔ مارشل لاء ہو یا نام نہاد جمہورت، یہی طبقہ ہر جگہ نظر آتا ہے۔ یہ ہمیں حق حکمرانی سے محروم کرتے ہیں، بندوق کی طاقت پر آتے ہیں، ایسے طبقے کا پاکستان اور پاکستان کے نظریے سے کوئی تعلق نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے مکروہ بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ مریم نواز نے پنجاب کی تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ پنجاب کے 11 ہزار اسکولوں کو فروخت کردیا۔ انہوں نے دانش اسکولز بنا کر عوام کو دھوکہ دیا اور عوام کے اربوں روپے کھا گئے۔ آج اساتذہ، ڈاکٹرز، کسان تمام افراد سراپا احتجاج ہیں، شریف خاندان کی ذہنیت سرمایہ دارانہ ہے، ملک کی زراعت کو بھی شریف خاندان نے ہی تباہ کیا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے، ہماری ٹیم نے پوری تیاری کرلی۔ حکومت سنجیدہ ہے تو ہم بھی معاملات کو آگے لے کر چلیں گے۔ معاشی دہشت گردی ختم ہونی چاہیے، لیوی کا بھتہ نہیں چلے گا، آئی پی پیز مافیا کو بھی لگام بھی آپ ہی دیں گے۔ اس گلے سڑے نظام میں عوام کے لیے کچھ نہیں، چند لوگوں کے لیے بہت کچھ ہے، جماعت اسلامی قوم کو مافیاز سے نجات دلائے گی۔



PNP

Comments are closed.