by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب

کراچی(پی این پی)پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا گیا، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخِ پاکستان میں امر مقام حاصل کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ راشد منہاس شہید کا عزمِ شہادت آج بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کیلئے مشعلِ راہ ہے، شہید کی قربانی، عزم و وفا کی وہ روشن داستان ہے جو نسلوں کو دفاعِ وطن کا درس دیتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہین، راشد منہاس شہید کے جذبۂ شہادت اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
 



PNP

Comments are closed.