by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایجبسٹن فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے انفرادی اسکور 501 رنز کا میزبان

کولاج فوٹو: فائل

برمنگھم کا ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ، جہاں بدھ (9 ستمبر) سے انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کےلیے سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ کھیلا جائے گا، وہی میدان ہے جہاں فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی فرسٹ کلاس اننگز 501 رنز ناٹ آؤٹ کھیلی گئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کے سابق ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز بلے باز برائن چارلس لارا نے 6 جون 1994ء کو یہ کارنامہ انجام دیا، جب انہوں نے میزبان ٹیم واروکشائر کے لیے ڈرھم کے مقابلے پر یہ اننگز کھیلی۔

فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کی اس یادگار اننگز میں برائن لارا نے 427 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ اس اننگز میں 62 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ برائن لارا نے حنیف محمد کے 499 رنز کا عالمی ریکارڈ توڑا تھا جو لٹل ماسٹر نے 1959ء میں بنایا تھا۔

برائن لارا نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ریکارڈ 501 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کے ٹھیک 50 دن بعد انگلینڈ کے مقابلے پر اپریل 1994ء میں سینٹ جانز اینٹیگا میں پہلی اننگز میں 375 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ بھی بنادیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ لارا نے ہی اسی گراؤنڈ پر 10 سال بعد انگلینڈ ہی کے خلاف اپریل 2004ء میں 400 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بنادیا تھا۔



PNP

Comments are closed.