امریکا جارحیت ختم کرے تو ہرمز کھول دیں گے، ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران کے خلاف محاصرہ اور جارحانہ اقدامات ختم کردے تو تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کیلئے تیار ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا تو اس نے بحری محاصرے کا راستہ اختیار کیا، تاہم ایران امریکی اقدامات سے خوفزدہ نہیں ہوگا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سمندری راستے کی بندش ایران کی زندگی یا بقا کا واحد ذریعہ نہیں اور امریکا یہ سمجھنے میں غلطی کر رہا ہے کہ بحری ناکہ بندی کے ذریعے ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے بتایا کہ پیر کو عرب ممالک کے وزرائے خارجہ عمان میں اجلاس کریں گے، جس میں آبنائے ہرمز سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اجلاس کے دوران ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں مشترکہ بحری راستے سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ اس معاہدے کو عالمی میری ٹائم ادارے کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا۔
ایرانی صدر کے مطابق اجلاس میں ان ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے جن کی سرزمین سے ایران کے خلاف حملے کیے گئے ہیں۔
PNP
Comments are closed.