کراچی (پی این پی) پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اسلامی بینکوں میں سے ایک، بینک اسلامی نے ڈبلیو ایم ایف پرو-ایم موئے تھائی ورلڈ چیمپئن نثار احمد کو اپنا آفیشل برانڈ ایمبیسڈر مقرر کر لیا ہے۔ اس شراکت داری کو کراچی میں بینک کے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک دستخطی تقریب میں حتمی شکل دی گئی، جس میں بینک کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے نثار احمد نے برسوں کی تربیت اور مقابلوں کے ذریعے اپنے کیریئر کی بنیاد رکھی اور پھر بین الاقوامی سطح پر قدم رکھا۔ 2024 میں وہ بنکاک میں ورلڈ موئے فیڈریشن (WMF) پرو-ایمیچر ورلڈ موئے تھائی ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بنے۔ اس کے علاوہ وہ نیشنل کِک باکسنگ چیمپئن شپ میں چار گولڈ میڈلز سمیت متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
یہ شراکت داری ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بینک اسلامی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے نثار احمد ملک بھر میں بینک کی تشہیری مہمات، کمیونٹی اقدامات اور نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں میں بینک کی نمائندگی کریں گے۔
اس موقع پر بینک اسلامی کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران ایچ شیخ نے کہا کہ “پاکستان کے کونے کونے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اور قلعہ عبداللہ سے عالمی چیمپئن بننے تک نثار کا سفر اس کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم ان کے اس سفر میں اپنا چھوٹا سا کردار ادا کر رہے ہیں، اور دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے سفر میں ان کا ساتھ دینے کے منتظر ہیں۔”
نثار احمد نے کہا کہ “بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز ہے، اور میں ہر مقابلے میں یہ ذمہ داری وقار کے ساتھ نبھاتا ہوں۔ پاکستان میں کامبیٹ اسپورٹس کا بہت سا ٹیلنٹ موجود ہے جو صحیح موقع کا منتظر ہے، اور بینک اسلامی کی معاونت میرے لیے اور اپنے اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہر نوجوان فائٹر کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس کھیل کی جانب لانے کے لیے بینک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔”
یہ شراکت داری ملک بھر میں نوجوانوں، کھیلوں اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے بینک اسلامی کی جاری کوششوں کا تسلسل ہے، جو بینک کے مشن “انسانیت کو سود سے بچانا” (Saving Humanity from Riba) سے ہم آہنگ ہے۔
PNP
Comments are closed.