by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملہ،ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی

تہران: آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایرانی حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح جزیرہ ہینگم اور قشم کے ساحلی علاقے کے قریب پیش آیا۔ قشم کے گورنر امیر تیموری کا کہنا ہے کہ تجارتی جہاز کو صبح تقریباً 5 بجے نشانہ بنایا گیا۔

حکام نے واقعے کی نوعیت اور حملے کے ذمہ دار کے حوالے سے فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

برطانوی میری ٹائم حکام نے بھی ایک تجارتی جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی ہے۔ ابتدائی طور پر جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور عملے کی مکمل صورتحال واضح نہیں ہوسکی تھی۔

ایرانی حکام کے مطابق واقعے سے قبل قشم کے اطراف رات کے وقت متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

آبنائے ہرمز میں پہلے سے جاری کشیدگی کے دوران پیش آنے والے اس واقعے نے اہم سمندری گزرگاہ سے متعلق بحری سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل کے خدشات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز کی صورتحال پر عمان میں اہم ملاقات متوقع ہے۔ ایران اور عمان کے درمیان محفوظ بحری آمدورفت کے انتظامات پر بھی بات چیت جاری ہے۔

حالیہ کشیدگی اور حملوں کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کی تعداد معمول کے مقابلے میں کم ہوئی ہے۔ یہ سمندری راستہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔

PNP

Comments are closed.